ملک کے اندر ہر قسم کی پولررائزیشن ختم ہونی چاہیے : چوہدری محمد سرور

13

لاہور 29 ستمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور  نے کہا ہے کہ ملک کے اندر ہر قسم کی پولررائزیشن ختم ہونی چاہیے۔ وہ آج یہاں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اگلے مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو  کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہرقسم کی پولورائزیش ختم ہونی چاہئے یہ ملک کے لئے بڑی خطرناک ہے۔ ہمارا دشمن خصوصاً انڈیا ہمارے خلاف بھر پور پروپیگنڈہ کر کے پاکستان کو بدنام کر رہا ہے اور یہ وقت اتحاد کے ذریعے ملک کو درپیش خطرات سے نکالنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قوم کی تعمیر مضبوط بنیادوں پر کرنا ہے اور اخلاقی قدروں کو پروان چڑھانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلی میڈیسن سنٹر حکومت کا بڑا کامیاب منصوبہ ہے۔ کرونا کی وباء میں اس سے پاکستان اور دیگر ممالک سے لاکھوں لوگ مستفید ہوئے ہیں۔ پاکستانی ڈاکٹرز دنیا بھر میں اپنی پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں، کرونا کی وباء میں ہمارے ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف نے بڑی شاندار خدمات سرانجام دی ہیں۔