اسلام آباد،7اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نےجمعرات کو پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب قوانین میں نیک نیتی کے ساتھ ترامیم لائیں گئیں ہیں، کاروبار میں آسانی کے حوالے سے حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں، چیئرمین نیب تقرری کے لئے قانون خاموش تھا، آئین سے ہی راستہ لیا ہے، ڈیڈ لاک ہو معاملہ پارلیمان کے پاس چلا جائے گا،پارلیمان کو عزت دی ہے،پارلیمانی کمیٹی کو شامل کرنا ان کو برا لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس جامع ترامیم ہیں، نیب کے نظام کو مزید فعال، مضبوط کرنا ہے، جہاں جمہوریت اور اختیارات ہوتے ہیں وہاں احتساب ہوتا ہے،اس سے نکمی اپوزیشن آج تک نہیں دیکھی، اگر کسی معاملے پر اعتراض ہے توعدالت میں چیلنج کریں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ شوگر ملیں لگانا، معیشت کا بیڑہ غرق کرنے والی (ن) لیگ ہے، عمران خان وزیراعظم بننے سے قبل بھی 60ہزار ڈونرز کا ریکارڈ 16والیم پیش کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم کہتی تھی کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے،اس سے بڑا کیا جھوٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشورہ ہے کہ یہ آرڈیننس پارلیمنٹ میں آنا ہے،این آر او کے لئے 34شقوں کے علاوہ کوئی تجویز لانا چاہتے ہیں اسکا خیر مقدم کریں گے، یہ چاہتے ہیں کہ کرپشن ہمیشہ جاری رہے، عمران خان اسکی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں،عوام سے کیے گئے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،ہم احتساب کے عمل کو مزید مضبوط کریں گے۔