راولپنڈی،8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملکی سیاست میں آئندہ 120دن اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات کو سواسال رہ گیاہے ،عمران خان کی قیادت میں آئندہ انتخابات بھی بھرپور طریقے سے لڑیں گے اور کامیابی عمران خان کی ہوگی ،عمران خان کی قیادت میں تبدیلی لائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں نئے پوسٹ گریجویٹ بلاک کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ خدانخواستہ اگر افغانستان میں کوئی بحران ہوا تو ہم اس بحران سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہیں گے ، مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ عمران خان نے کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کو بھی بہت اچھے طریقے سے ہینڈل کیا ہے اور افغانستان کے مسئلے کو بھی بہتر طور پر حل کیا جا رہاہے ،میں وہ سیاست دان نہیں جو مہنگائی سے انکار کرے ،ملک میں مہنگائی ہے لیکن ان شاءاللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اس کو کنٹرول کریں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کی عظیم قوم ،پاکستان کی عظیم فوج عمران خان کی قیادت میں ہم ان شاءاللہ بہتر ترقی کریں گے ۔اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میری زندگی میں تعلیم کا مشن مکمل ہوگیاہے ،اسی مہینے میں راولپنڈی کی تیسری یونیورسٹی ،وقار النساءیونیورسٹی کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب کریں گے ، تعلیمی پلان میں ڈھوکوں کا انتخاب کیا ،ڈھوک حسو ،ڈھوک رتہ وغیرہ کیونکہ انگریز یہاں سے لیبر لیتا تھا اور وہ نہیں چاہتا تھا کہ یہاں تعلیم ہو ،آج صرف ڈھوک حسو کے ایک کالج میں پانچ ہزار طالبات زیر تعلیم ہیں جبکہ راولپنڈی شہر طالبات کی تعلیم کے لحاظ سے پاکستان میں نمبر ون ہے ،اس کا کریڈٹ عمران خان اور عثمان بزدار کوجاتا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں ہفتے بہبود سکول کا بھی قبضہ لیاہے اور اس کو انٹرمیڈیٹ کالج میں بدلا ہے۔ نالہ لئی منصوبے کا افتتاح بھی عنقریب ہوجائے گا ،زندگی نے مہلت دی تو ایک آئی ٹی یونیورسٹی مزید بنائوں گا ۔اس کے بعد ہسپتالوں کو وقت دوں گا ،20 وینٹی لیٹر ہولی فیملی ہسپتال کو دیئے ہیں ،100 مزید ڈائلاسز مشینیں بھی دیں گے ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ میری زندگی کا مشن ہے کہ کمزور طاقتورہو ،میں ایک کمزور آدمی تھا، اللہ نے مجھے طاقتور بنایا ، راولپنڈی کوکوئی شکست نہیں دے سکتا کیونکہ راولپنڈی کی بیٹی پڑھی لکھی ہے ،میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میرے شہر کے رکشا ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس میں ٹاپ کیاہے ، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں ایک ہزار طالبات کے ہاسٹل کا انتظام اس لیے کیاگیا ہے کہ یہاں ٹیکسل،ا گوجر خان، چکوال اور دیگر علاقوں سے بھی بچیاں حصول تعلیم کے لیے آتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی ہاسٹل پر40کروڑ روپے لاگت آئی اور نئے تعلیمی بلاک پر 13 کروڑ روپے لگے ، جب ماں پڑھی لکھی ہوگی تو آئندہ نسل بھی پڑھی لکھی ہوگی اور یہ معاشرہ بدل جائے گا ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ استاد کا پیشہ پیغمبروں کا شیوہ ہے ، ا س کا اکانومی سے تعلق نہیں ہے ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اپنی بیٹی کو تعلیم کے ہتھیار سے لیس کیا ہے ۔
بعدازاں میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ 22تاریخ سے سیاست میں تیزی آئے گی ، آئندہ 120دن پاکستانی سیاست میں انتہائی اہم ہیں اور اس میں ان شاءاللہ عمران خان سرخروہوگا ۔
ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہاکہ الیکشن کے قریب ن لیگ کی نئی الائنمنٹ ہوگی ، اور میں نون کو دو کی بجائے تین گروپس میں دیکھ رہاہوں ، یہ لوگ عمران خان کی صلاحیتوں کوانڈر اسٹیمیٹ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کہ ہم تمام مسائل کو بہتر طریقے اور سلیقے سے ہینڈل کریں گے ، طور خم بارڈر بالکل کھلا ہے ،چمن بارڈر پہ تھوڑا مسئلہ ہوا ہے اس کو بھی ٹھیک کریں گے ،افغانستان کی سلامتی اور امن ہمیں بھی متاثر کرے گا ۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت منشیات ایم ا ین اے شیخ راشد شفیق ، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال ،ڈائریکٹر ایجوکیشن سمیت اساتذہ اور طالبات موجود تھیں ۔











