ملتان، 08 اکتوبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شان رحمت العالمین ﷺ کی تقریبات منانے کا اعلان کیا ہے ، ضلعی سطح پر نعت خوانی کے مقابلے کرائے جائیں گے ۔تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا ، ہم اپنے پیارے نبی ﷺ کے امن کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلائیں گے ۔
جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ اہل اسلام کو ربیع الاول کی مبارکباد دیتا ہوں ، ہم جتنا شکر ادا کریں کم ہے کہ ہم پیارے نبی ﷺ کے امتی ہیں ، شان رحمت العالمین ﷺ کے حوالے سے ضلعی سطح پر بھی کارگردگی کی ریٹنگ ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تقریبات کی سکیورٹی کے حوالے سے پلان ترتیب دیا جا چکا ہے ، جلوسوں کے منتظمین کو سیکیورٹی اور گذرگاہوں پر اعتماد میں لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شان رحمتہ اللعالمین ﷺ تقریبات کو مذہبی فریضہ سمجھتے ہوئے عقیدت سے منایا جائے گا ، شہر بھر کو سجاکر عمارات پر چراغاں بھی کیا جائے گا۔











