دبئی،9اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں ایک خوشحال ملک کے طور پر ابھر رہا ہے ، پاکستانی تارکین وطن پاکستان میں محفوظ سرمایہ کی پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے۔
ہفتہ کو پاکستانی تارکین وطن کیلئے ”روشن اپنا گھر ” اقدام کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں آبادی کے اعتبار سے پانچواں بڑا ملک ہے، جس نے مختلف شعبوں میں ترقی کے حصول کیلئے اعلیٰ اہداف رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف وسائل بلکہ ویژن اور درست پالیسیوں کا کسی کی ترقی میں نمایاں کردار ہے۔ انہیں یہ قومی امید ہے کہ پاکستان اپنی ترقی پسند پالیسیوں کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرے گا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی اور کورونا وائرس جیسے بڑے چیلنجز پر قابو پانے کے بعد لچکدار قوم کے طور پر ابھری ہے۔