خصوصی بچوں کو خاص توجہ کی ضرورت، ایسے بچوں کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں لایا جائے :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

21

کراچی۔12اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معاشرے میں خصوصی افراد کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی دھارے تعلیمی اداروں اور ہنر مندی کے پروگراموں کے ذریعے ان کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا جائے، مخیر حضرات معاشرے سے غربت کے خاتمے کے لیے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں الشفا ٹرسٹ ، سپیشل سکول اور بحالی مرکز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں معذور افراد کی  جسمانی رسائی کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، ہائر ایجوکیشن کمیشن پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ مختلف معذور افراد سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ صدر نے خصوصی افراد کی مناسب دیکھ بھال کی ضرورت پر زور دیا اور مخیر حضرات سے کہا کہ وہ معاشرے سے غربت کے خاتمے کے لیے آگے آئیں۔  انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے انسان دوستی اور معاشرتی احیا پر زور دیا ہے۔