اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت نے اشیائے ضروریہ پر ٹارگٹڈ سبسڈی کا آغاز کر دیا ہے، رواں سال پاکستان میں گنے کی ریکارڈ 100 ملین ٹن پیداوار متوقع ہے، حکومت گھی اور دالوں کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔ منگل کو پی ٹی وی پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے گنے کے کاشتکاروں کی حالت زار کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کسانوں کے جائز مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت گنے کی ریکارڈ پیداوار پر کسانوں کو انسینٹیو دے گی۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو تحفظ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، اسی سلسلے میں حکومت نے ریٹیل مارکیٹ میں چینی 80 روپے فی کلوگرام فروخت کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ مارکیٹ میں فکسڈ ریٹ پر چینی کی فروخت یقینی بنائی جائے گی۔