مارگلہ ہل نیشنل پارک میں مقامی ‘لیپرڈ ریسور ایریا’ بنانے کا فیصلہ کیا ہے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک محمد امین اسلم کی پریس کانفرنس

11

اسلام آباد۔14اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک محمد امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی کلائمیٹ چینج کونسل میٹنگ میں پانچ اہم فیصلے کئے ہیں جو قومی ماحولیاتی وژن میں ا ہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کی بدولت دنیا میں صف اول  کے ملک کے طور پر ابھرا ہے اور پوری دنیا پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کی معترف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک محمد امین اسلم نے کہا  کہ وزیراعظم نے آج کے اس اہم اجلاس میں ملک کی پہلی قومی جنگلی حیات کے تحفظ کی پالیسی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 12 ماحولیاتی زونز کا حامل ملک ہے جس میں دنیا کی سب سے منفرد اور خوبصورت جنگلی حیات کی اقسام پائی جاتی ہیں۔ اس پالیسی سے ان اقسام کا تحفظ ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں لیپرڈ کی آماجگاہ متعارف کرائی گئی ہے جسے سیاحوں کیلئے بھی سفاری طرز پر معلوماتی اور سیاحتی ٹورز کیلئے کھولا جائے گا تاکہ جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق لوگوں کو روشناس بھی کرایا جا سکے۔