پاکستان میں پہلی بار نیشنل وائلڈ لائف پالیسی منظور کی گئی،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک محمد امین اسلم کی پریس کانفرنس

24

اسلام آباد۔14اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک محمد امین اسلم نے جمعرات کو میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے  کہا کہ پاکستان میں پہلی بار نیشنل وائلڈ لائف پالیسی منظور کی گئی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آج کے اس اہم اجلاس میں ملک کی پہلی قومی جنگلی حیات کے تحفظ کی پالیسی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 12 ماحولیاتی زونز کا حامل ملک ہے جس میں دنیا کی سب سے منفرد اور خوبصورت جنگلی حیات کی اقسام پائی جاتی ہیں۔ اس پالیسی سے ان اقسام کا تحفظ ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں لیپرڈ کی آماجگاہ متعارف کرائی گئی ہے جسے سیاحوں کیلئے بھی سفاری طرز پر معلوماتی اور سیاحتی ٹورز کیلئے کھولا جائے گا تاکہ جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق لوگوں کو روشناس بھی کرایا جا سکے۔