لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے جمعرات کے روزوزیراعلی سرمایہ کار سہولت سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس ضمن میں 90 شاہراہ قائداعظم پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے سرمایہ کاری سہولت سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 7 دہائیوں سے صرف 12 سیمنٹ پلانٹ تھے۔ ہماری حکومت نے 3 سال میں 10 سیمنٹ پلانٹ کیلئے این او سی جاری کر دیئے ہیں جبکہ مزید 10 سیمنٹ پلانٹ کی منظوری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح ہماری حکومت سے قبل پنجاب میں صرف 2 سپیشل اکنامک زونز تھے۔ ہم نے 3 برس میں 12 سپیشل اکنامک زونز پر کام شروع کیا ہے جبکہ 8 نئے سپیشل اکنامک زونز میں انڈسٹریلائزیشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ 4 انڈسٹریل سٹیٹس کو اپ گریڈ کرکے سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کیلئے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے 30 ارب روپے مالیت کے پنجاب روزگار پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں زراعت اور لائیوسٹاک کے پوٹینشل کو پوری طرح استعمال میں لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ چھوٹے کاشتکاروں کو رعایتی نرخ پر جدید زرعی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں۔ کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نومبر میں دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اور تجارتی شو کیسنگ کرے گی۔ دبئی ایکسپو میں پنجاب کی ثقافت، تجارت، سیاحت اور درخشاں روایات کے پوشیدہ گوشے روشناس کرائے جائیں گے۔ دبئی ایکسپو میں شرکت کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈز کو مکمل طور پر فعال کیا جا رہا ہے۔ پیڈمک اور فیڈمک کے فعال ہونے سے سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول اور مزید سہولتیں مہیا کی جا سکیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ پنجاب حکومت کے ٹھوس اقدامات سے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور معیشت مضبوط ہوگی۔ وزیراعلی سرمایہ کاری سہولت سینٹر کے قیام سے مقامی اور غیرملکی سرمایہ کار مستفید ہوں گے۔ پنجاب صنعت و تجارت کے نئے دور میں داخل ہوگا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے چیف ایگزیکٹو آفیسر چیلنج فیشن کیرن (Ms. Karen) کو این او سی کا لیٹر بھی دیا۔ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبے میں 9 سپیشل اکنامک زونز قائم کئے جائیں گے۔ صنعت سے وابستہ تمام ٹیکسوں کو یکجا کیا جا رہا ہے اور ٹیکسوں کی ادائیگی کیلئے صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ایک ہی چالان فارم جاری کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مختلف اقدامات اٹھا کر آسانیاں پیدا کی گئی ہیں او رپنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین فضا موجود ہے۔ ہمارے بزنس دوست اقدامات سے صوبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت میں سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ آسانیاں پیدا کی ہیں اور یہ سہولت سینٹر اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ پنجاب حکومت زیرو این او سی کے رجیم میں داخل ہو رہی ہے جس سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر چیلنج فیشن کیرن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی ایک سو اایکڑ پر انڈسٹریل پارک بنا رہی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے وز یراعلی سرمایہ کاری سہولت سینٹر کے قیام میں بھرپور تعاون کیا۔ تقریب سے قمر خان نے بھی خطاب کیا۔ چین کے قونصل جنرل، صوبائی وزرا، معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، اراکین صوبائی اسمبلی، چین کے سرمایہ کاروں، دیگر انویسٹرز، کاروباری شخصیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، سیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











