لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے جمعرات کے روزوزیراعلی سرمایہ کار سہولت سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس ضمن میں 90 شاہراہ قائداعظم پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے سرمایہ کاری سہولت سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب اب تک چین کے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین اور اولین انتخاب بن چکا ہے۔2018 سے اب تک 3 سال میں چین کے سرمایہ کار ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکے ہیں۔ چین کا سب سے بڑا گارمنٹس گروپ چیلنج فیشن پنجاب میں 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری لا رہا ہے۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے سہولتیں دینے اور آسانیا ں پیدا کرنے کیلئے چیف منسٹر آفس کے تحت وزیراعلی سرمایہ کاری سہولت سینٹر قائم کیا ہے اور یہ سینٹر سرمایہ کاری سے متعلقہ امور کے حوالے سے تمام اقدامات فوری اٹھائے گا اور کوئی سرخ فیتہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل نہیں ہوسکے گا۔ سرمایہ کاری سہولت سینٹر کے قیام سے سرمایہ کاروں کو متعلقہ اداروں کے اعلی سرکاری حکام تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔ بزنس کی پلاننگ سے پراجیکٹ کے آغاز تک حائل رکاوٹوں کو آسانی سے دور کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل کرنے کیلئے ہم “Zero NOC” کی پالیسی لا رہے ہیں اور زیرو این او سی کی پالیسی سے تاجر، صنعت کار اور سرمایہ کار باعزت طریقے سے آسانی کے ساتھ نہ صرف کاروبار شروع کر سکیں گے بلکہ اسے ترقی بھی دے سکیں گے۔ اسی پالیسی کے تحتچیلنج فیشن کو کاروبار کیلئے 2 ہفتے کی قلیل مدت میں این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔ ہمارے اس بزنس دوست اقدام سے 20 ہزار سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں مقامی صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے قابل ذکر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں 7 دہائیوں سے صرف 12 سیمنٹ پلانٹ تھے۔ ہماری حکومت نے 3 سال میں 10 سیمنٹ پلانٹ کیلئے این او سی جاری کر دیئے ہیں جبکہ مزید 10 سیمنٹ پلانٹ کی منظوری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح ہماری حکومت سے قبل پنجاب میں صرف 2 سپیشل اکنامک زونز تھے۔ ہم نے 3 برس میں 12 سپیشل اکنامک زونز پر کام شروع کیا ہے جبکہ 8 نئے سپیشل اکنامک زونز میں انڈسٹریلائزیشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ 4 انڈسٹریل سٹیٹس کو اپ گریڈ کرکے سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کیلئے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے 30 ارب روپے مالیت کے پنجاب روزگار پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں زراعت اور لائیوسٹاک کے پوٹینشل کو پوری طرح استعمال میں لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ چھوٹے کاشتکاروں کو رعایتی نرخ پر جدید زرعی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں۔ کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نومبر میں دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اور تجارتی شو کیسنگ کرے گی۔ دبئی ایکسپو میں پنجاب کی ثقافت، تجارت، سیاحت اور درخشاں روایات کے پوشیدہ گوشے روشناس کرائے جائیں گے۔ دبئی ایکسپو میں شرکت کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈز کو مکمل طور پر فعال کیا جا رہا ہے۔ پیڈمک اور فیڈمک کے فعال ہونے سے سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول اور مزید سہولتیں مہیا کی جا سکیں گی۔











