ملتان؛سیکٹر کمانڈرموٹروے پولیس ایم فور کی طرف سے عظیم الشان محفلِ میلاد بسلسلہ آمد رحمۃ اللعالمینﷺ کا فیضان مدینہ میں انعقاد

17

 

ملتان،15اکتوبر(اے پی پی): آئی جی نیشنل ہائی ویزموٹرویز پولیس ڈاکٹرسید کلیم امام کی ویژن کے مطابق  سیکٹر کمانڈر ایم فور  کی طرف سے  عظیم الشان محفلِ میلاد بسلسلہ آمد رحمۃ اللعالمینﷺ کا فیضان مدینہ میں  انعقاد کیا گیا۔جس میں سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیسM-4 فیصل اکرم،ڈی ایس پی محمد حسن بھٹی،انسپکٹر گلزاراحمد ، انسپکٹر حبیب و دیگر سٹاف کیساتھ ساتھ ریجنل مینیجر ایف جی آر ایف ساوتھ پنجاب محمد آصف عطاری اور کثیر علمائے کرام اور عاشقانِ رسولﷺ نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔اس پُر نور محفل کا آغاز  تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔اس کے بعد ثناء خوانِ مصطفٰی ﷺ نے پیارے آقا خاتم النبیین ﷺکی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرکے سماں باندﮪ دیا ۔

محفل میلادکے دوران سیکٹر کمانڈر فیصل اکرم نے کہا  کے سرکار دوعالمﷺ کی  تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں  آپ ﷺ کی  اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہم اپنی دنیا اور آخرت دونوں سنوار سکتے ہیں۔ مزید انہوں نے روڈ سیفٹی پر لیکچر دیتے ہوئے شرکاء سے کہا کہ  روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کر کے ہم وطن عزیز میں حادثات کی صورت میں ہونے والے نا قابل تلافی جانی اورمالی نقصان سے بچ سکتے ہیں ۔

 اس دوران  روڈ سیفٹی کے سلسلہ میں شرکاء میں کوئز کمپیٹیشن کرایا گیا اور جیتنے والوں کو  انعامات سے نوازا گیا ۔

تقریب کے اختتام  پر اُمت مُسلمہ اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی گئی۔