ملتان، 16 اکتوبر (اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے خوراک کے عالمی دن کے موقع پر جنوبی پنجاب بھر میں آگاہی مہم کا انعقادکیا گیا، جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں واک اور فلیگ مارچ کیا گیا۔ آگاہی مہم کیلئے تمام اضلاع میں بینرز اور فلیکسسز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ ورلڈ فوڈ ڈے بہتر پیداوار، بھرپور غذائیت،بہتر ماحول اور بہتر زندگی کی مناسبت سے منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا آگاہی مہم کا مقصد لوگوں میں غذائیت سے بھرپور خوراک کے چناؤ کے حوالے سے شعور پید ا کرنا ہے، قومی نیوٹریشن سروے کے مطابق ملک بھر میں 44 فیصد بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا خوراک انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور انسان کی بقا کے لیے صحت افزاء خوراک کا استعمال انتہائی ضروری ہے، اشیاء خورونوش میں ملاوٹ اور جعلسازی نے روز مرہ کی کھائی جانے والی خوراک کو ہی انسان کا خاموش دشمن بنا دیا ہے۔
رفاقت علی نسوآنہ نے کہا ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ خوراک کو نہ صر ف ملاوٹ سے پاک قدرتی غذائیت سے بھرپور بنایا جائے بلکہ ضائع ہونے سے بھی روکا جائے۔ انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب کے مشن کے تحت فوڈاتھارٹی صوبہ بھر میں کھیت سے پلیٹ تک محفوط خوراک کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔











