وہاڑی،18 اکتوبر(اے پی پی ): پولیس کی جانب سے جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع شہر میں فلیگ مارچ کیا گیا اور شہر میں ہونے والی 6 محافل میلاد مصطفیﷺ اور 53 جلوسوں کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی نے کہا کہ آقائے دو جہاں حضرت محمدﷺ کی حیات طیبہ تمام مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے انہوں نے بتایا کہ تما م وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر وہاڑی پولیس کی جانب سےجلوسوں اور محافل میلاد النبیﷺ کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے ہیں۔ جشنِ عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے 6محافل میلادﷺ اور 53 جلوس نکا لے جائیں گے جن کی سیکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر1073 افسران واہلکاراور قومی رضا کار فرائض سر انجام دیں گے انتظامی امور کے لحاظ سے 3جلوسوں کو اے، 3کو بی اور 47جلوسوں کو سی کیٹگری میں تقسیم کیا گیا ہے راستوں کو خار دار تاروں سے سیل کیاجائے گا جبکہ مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمرہ جات اور سرویلینس وین سے کی جائے گی جبکہ پولیس لائن میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹریفک پلان جاری کر کے متبادل راستوں کا تعین بھی کیا گیا ہے ۔
ڈی پی او وہاڑی امیر عبداللّہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ضلع وہاڑی میں جلوسوں اور محافل میلاد النبیﷺ کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر بہترین سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ نگرانی کے لئے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز خود فیلڈ میں نکل کربڑے جلوسوں اور محافل میلاد النبی ﷺکے سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو انکی ڈیوٹی کی حساسیت کے متعلق مؤثر طور پر بریف بھی کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے فرائض مزید تندہی ، فرض شناسی اورہائی الرٹ ہو کر سر انجام دے سکیں۔











