صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی ملاقات

45

اسلام آباد۔18اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے کیونکہ مختلف شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھانے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں،  پاکستان نے کاروبار کے زبردست مواقع پیش کیے ہیں اور جاپانی کمپنیاں معیشت کے مختلف شعبوں خاص طور پر زراعت ، آٹوموبائل ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹیکسٹائل ، ایس ایم ایز اور توانائی کے شعبوں میں کاروباری دوستانہ ماحول سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر کونینوری متسودا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔  انہوں نے مہارت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔  انہوں نے حکومت جاپان کے جے ڈی ایس سکالرشپ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا جس کے تحت پاکستان کے 20 طلباء کو جاپانی یونیورسٹیوں میں گریجویٹ کورسز میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔  صدر نے اکتوبر 2019 میں اپنے دورہ جاپان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جاپان کی قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی۔  انہوں نے جاپان کی بین الاقوامی تعاون ایجنسی (JICA) اور جاپانی کمپنیوں کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کیا۔ جاپانی سفیر نے صدر کو آگاہ کیا کہ پاکستان ماہی گیری اور زرعی مصنوعات کے بڑے برآمد کنندگان میں شامل ہے ، جن میں چاول ، کھجور ، تل ، آم ، گوار گم ، کیکڑے اور نمک شامل ہیں۔  انہوں نے بتایا کہ ٹویوٹا آٹوموبائل کمپنی پاکستان میں جدید ترین ہائبرڈ کاروں کی تیاری کے لیے 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ، اس کے علاوہ آٹو پارٹس بنانے کے لئے کمپنیوں کی مدد کرے گی۔  انہوں نے مزید کہا کہ جاپان اوساکا 2025 ایکسپو منعقد کرے گا اور ایکسپو میں پاکستان کی شرکت کی درخواست کی ہے۔  انہوں نے کہا کہ سال 2022 پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی جائے گی، امید ہے کہ دونوں ممالک مناسب طریقے سے سالگرہ منائیں گے۔ صدر مملکت نے سفیر کو پاکستان میں اپنی مدت پوری کرنے پر مبارکباد دی اور پاک جاپان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔