پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز کی فلاحی ریاست بنائیں گے،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کاجشن عید میلاد النبیؐ کی تقریب سے خطاب

18

فیصل آباد  ۔19اکتوبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمان اس نبیؐ کی ولادت باسعادت کا جشن منارہے جنہیں رحمت اللعالمین بناکر بھیجا گیا،آپؐ نے ریاست مدینہ قائم کی اور سب سے پہلے کمزور طبقات کا خیال رکھنے سمیت انہیں مضبوط کیا،آپؐ نے یتیموں، بیواؤں، ناداروں، مفلسوں، مساکین، بے سہارا، بے وسائل کے حقوق بیان اور فراہم کرکے عدل و انصاف کی ایسی مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کا عشرہ رحمت اللعالمین ؐسرکاری اور قومی سطح پر منانے اوررحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا اعلان تاریخ ساز اقدام ہے،حکومت نے سیرت النبیؐ کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے نیزحکومت نے ایک فلاحی ریاست کے طور پر اقدامات کرتے ہوئے کوئی بھوکا نہ سوئے،لنگر خانے، پناہ گاہیں بنائیں اور ہم آئندہ بھی فلاحی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں اورپاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز کی فلاحی ریاست بنائیں گے۔منگل کی صبح چوک گھنٹہ گھر فیصل آباد میں مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پیارے نبی ؐکی ولادت با سعادت کا جشن مپلاد ہے کیونکہ آپؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجاگیالہٰذادنیا بھرکے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو جشن عید میلاد النبیؐ کی مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپؐ کی دینی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے کیونکہ آپ ؐ کی سیرت پر عمل کرکے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے اس سے بڑھ کر کوئی اورنعمت اور سعادت و خوش قسمتی نہیں ہوسکتی کہ ہم آپؐ کے امتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ نے ریاست مدینہ قائم کی اور سب سے پہلے کمزور طبقات کا خیال رکھا اور انہیں مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک فلاحی ریاست کے طور پر اقدامات کرتے ہوئے کوئی بھوکا نہ سوئے،لنگر خانے اور پنا ہ گاہیں بنائیں اسی طرح احساس پروگرام کا بھی آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شااللہ بہت جلدپاکستان ریاست مدینہ کی طرز کی فلاحی ریاست بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کامیابی صرف حضور ؐ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی مل سکتی ہے۔ انہوں نے ولادت نبی آخرالزماں ؐکوقیامت تک کیلئے رحمت اللعالمین کا بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ آپ ؐکے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بھی ہمیشہ کیلئے بہاروں کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اناکے بتوں کو توڑتے ہوئے دوسروں کو معاف کرنے کی نبیؐ کی سنت کو فرو غ دیا جائے تو یقینا معاشرے میں خوشگوار تبدیلی لائی جا سکتی ہے لہٰذا صلہ رحمی اور دوسروں کو معاف کرنے جیسی عظیم سنت پر عمل پیرا ہوکر ہم میلاد النبیؐ منانے کا حق بہترطور پر ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں  چاہئے کہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اسوہ حسنہ ؐپر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے پاکستانی معاشرے میں اخلاقی خوبصورتیوں کے خوشنما پھول اگانے کیلئے شعوری کاوشیں بروئے کارلائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے عہدے اللہ تعالی کی طرف سے انعام کے ساتھ ساتھ بڑی آزمائش بھی ہوتے ہیں لہٰذا ان عہدوں کے ذریعے لوگوں میں آسانیاں تقسیم کرنے اور ان کی زندگیوں میں خوشیوں کی بہار لانے کا اہتمام ہی انسانیت کی خدمت اور حقوق کی صحیح معنوں میں بجا آوری ہے۔فرخ حبیب نے عید میلاد کے ضمن میں پرچم کشائی کی اور گھنٹہ گھر کے باہر لگائے گئے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کرنے سمیت ایمبولینس سروس کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری شکیل شاہد ایم پی اے، آل پاکستان کاٹن پاورلومز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید خالق رامے، مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیداران اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں فرزندان اسلام بھی موجود تھے۔بعدازاں شرکا میں عید میلاد النبیؐ کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔