چنیوٹ،19 اکتوبر(اے پی پی):ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ ضلع بھرمیں کل 33 جلوس نکالے گئے اور 6 محافل کا انعقاد ہوا۔
انجمن رضائے مصطفی چنیوٹ کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے برآمد ہوا۔ ضلع بھر کی تنیوں تحصلیوں چنیوٹ، بھوانہ اور لالیاں میں انجمن رضا مصطفی چنیوٹ اور جماعت اہلسنت کی دیگر ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام بارہ ربیع الاول جشن عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس، مرکزی جامع مسجد کھوکھرانوالی سے برآمد ہوا جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوامیلاد چوک میں جاکر اختتام پذیر ہو گیا۔
دعوت اسلامی چنیوٹ کے زیر اہتمام بھی مرکز فیضان مدینہ سالارہ روڈ سے بھی ایک بہت بڑا جلوس نکالا گیا،جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں انجمن فروغ میلاد مصطفی ٹبہ لوہاراں، مسلم بازار چنیوٹ کے زیر اہتمام ایک بہت عظیم الشان جلوس نکلا گیا۔جلوس کے شرکا نے بڑے بڑے بینرز سبز ہلالی جھنڈے اٹھا رکھے تھے ،فضا مرحبا یا مصطفی کے نعروں سے گونجتی رہی، جلوس میں ہزاروں عاشقان مصطفی ﷺ نے شرکت کی جبکہ جلوس کی قیادت جماعت اہلسنت، انجمن غلامان مصطفی، اور جان نثاران تاجدار ختم نبوت کے جنر ل سیکرٹری خواجہ معین الدین، پیر سید محمد طاہر شاہ، انجمن رضا مصطفی کے اراکین مولانا نعیم الدین اور مولانا ظہیر الدین، پیر زادہ اقبال حسین، محمد حبیب قادری، اور دیگر علما کرام نے کی۔
تمام جلوسوں،محافل پر سینئر پولیس افسران سمیت 5سو سے زائد پولیس افسران و ملازمین سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔جلوسوں،محافل پر تین تہہ سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔حساس پوائنٹس پر چھتوں پر مسلح جوان تعینات ہونگے۔ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور محافظ سکواڈ جلوسوں کے ساتھ گشت کرینگی۔تمام سرکلز میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو نفری سٹینڈ ٹو رہے گی۔ریلیوں اور محافل کے دوران میٹل ڈٹیکٹرز کے ذریعے اور فزیکل سرچ سے تلاشی لی جائے گی۔اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے۔جلوسوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔اہم جلوسوں اور مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔تمام جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔سیکیورٹی انتظامات کو مانیٹر کرنے کے لیے ڈی پی او دفتر میں مانیٹرنگ روم بنایا گیا ہے۔ تمام ذرائع بروئے کار لاکر امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔دریائے چناب پررش کے باعث امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔











