وہاڑی، 25 اکتوبر(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وہاڑی کے اچانک دورہ کے دوران جی بلاک وہاڑی میں قائم ویکسینیشن سنٹر پر کورونا ویکسینیشن سہولت ہر دہلیز تک(RED) مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اچانک دورہ کے موقع پر کورونا ویکسینیشن فیلڈ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور فیلڈ ٹیم کے عملے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس کے خاتمے کا واحد حل کورونا ویکسینیشن ہے، شہری حکومت کی سہولت کا فائدہ اٹھائیں اور کورونا ویکسینیشن کرائیں، ہر شہری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر جا کر کورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کروا کے ہم اپنے آپ اور آنے والی نسلوں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ، کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی ،اس مہم کے تحت پنجاب میں روزانہ تقریباً 10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی ،شہریوں کو ان کی دہلیز پر و یکسینیشن کیلئے 18ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، خصوصی ٹیمیں ہر محلے اور گاؤں میں جا کرمفت ویکسین لگائیں گے۔
اس موقع پرکمشنر و آر پی او ملتان ڈویژن، ڈپٹی کمشنر وہاڑی، ڈی پی اواور دیگر حکام بھی وزیر اعلیٰ پنجاب ساتھ موجود تھے۔