پی ٹی آئی  رہنما حلیم عادل شیخ ، این اے 205 ضمنی انتخاب میں ہنگامہ آر ائی اور کار سرکار میں مُدا خلت کے مقدمہ  میں باعزت بری

14

گھوٹکی،26 اکتوبر(اے پی پی ): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اور قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ   کو این اے 205 گھوٹکی، خان گڑھ میں ضمنی انتخاب میں ہنگامہ آر ائی اور کار سرکار میں مُدا خلت کے مقدمہ  میں عدالت نے دو سال بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے باعزت بری کر دیا۔

حلیم عادل شیخ اپنے وکلاء کے ہمراہ میرپورماتھیلو کورٹ میں فرسٹ سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ عبدالفہیم پہنور کی عدالت میں پیش ہوئے۔  عدالت نے دو سال بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو باعزت بری کر دیا۔

اس موقع پر میڈیا  سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ مجھے عدالتوں پر یقین تھا کہ مجھے انصاف ضرور ملے گا، آج مجھے عدالت نے باعزت بری کر دیا ،آج حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے۔

بعد ازاں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے ضلع گھوٹکی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سیاسی و سماجی رہنماؤں سے تعزیتیں بھی کی۔  اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کچھ روز قبل انڈڑ گینگ کے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کرنے صادق آباد بھی پہنچے اور افسوسناک واقعے کی مذمت کی ۔

دوسری جانب پی ٹی آئی ضلع گھوٹکی کے صدر میر افتخار احمد خان لُنڈ کی طرف سے ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ ورکر کنونشن میں پی ٹی آئی رہنماء سردار پپو خان چاچڑ، ڈاکٹر مسرور سیال، ایڈووکیٹ اجمل سولنگی سمیت مقامی رہنماء و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے پی ٹی آئی ضلع گھوٹکی کے صدر میر افتخار احمد خان لُنڈ کی طرف سے منعقدہ  ورکر کنونشن   سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر افتخار احمد خان لُنڈ گھوٹکی میں تحریک انصاف کے بانیان میں سے ہیں۔ گھوٹکی والے  وزیراعظم عمران خان کے بہادر کارکن ہیں ، نہ کبھی کسی کے آگے جھکے ہیں نہ جھکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں تبدیلی آچکی ہے، سندھ میں ابھی تبدیلی نہیں آئی جبکہ  سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی،  پی ٹی آئی کی حکومت پانچ سال پورے کرنے کے بعد اگلی حکومت   اکثریت سے  بنئے گی ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ  کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں ہنگائی ہوئی ہے، امریکا میں ہم سے 50 گنا زیادہ مہنگائی ہے ،پوری دنیا میں معاشی بحران آیا ہوا ہے ،ہم مہنگائی برداشت کر کے عوام کو رلیف دلوا رہے ہیں،پورے خطے سے سستا پیٹرول پاکستان میں ہے  جبکہ وفاقی حکومت نے 70فیصد ٹیکس پیٹرولیم مصنوعات پر کم کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تھوڑا وقت مشکل ہے لیکن مسئلے حل کریں گے جبکہ  عام آدمی کے آٹے، دالوں، گھی، چینی پر اچھا پروگرام دے رہے ہیں، ایک سال مشکل ہے پھر اچھا مستقبل ہے۔