یوم سیاہ کشمیر؛ چنیوٹ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں اور سیمینار کا انعقاد

20

چنیوٹ،27 اکتوبر( اے پی پی): ملک کے دیگر شہروں کی طرح چنیوٹ میں بھی کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ اس ضمن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ضلع بھر میں ریلیوں اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

مرکزی سیمینار کا قائد اعظم اکیڈمی چنیوٹ میں انعقاد کیا گیا جسکی صدارت ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان نے کی، سیمینار میں سی ای او ایجوکیشن ظفر عباس ریحان دیگر ایجوکیشن افسران،طلباء اور اساتذہ کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جس کے بعد مرکزی ریلی قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ٹرسٹ چنیوٹ سے ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان کی قیادت میں نکالی گئی جس میں محکمہ تعلیم سمیت سرکاری محکموں کے افسران وملازمین، شہری،طلباء،میڈیا اورسول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک تھے۔ریلی میں شریک افراد نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے قومی اور کشمیری پرچم تھامے ہوئے تھے۔

 ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم وستم، وحشیانہ جبر و تشدد کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جا رہی ہے، آج کے دن بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر فرد کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہونے تک کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے،کشمیر میں بہنے والا خون راہیگاں نہیں جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہندوستان اپنی فوجی طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو ختم نہیں کرسکتا کیونکہ بین الاقوامی اداروں میں کشمیر پر موثر آوازیں اٹھ رہی ہیں اور ہندوستانی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بے نقاب ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا سورج اب طلوع ہونے والا ہے،کشمیریوں کی آزادی کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ظلم جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، کشمیر میں بھی ظلم کی سیاہ رات جلد ختم ہونی والی ہے۔

اس موقع پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف،کشمیر بنے گا پاکستان،آزادی کشمیر ناگزیر کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔