رینالہ خورد:اوکاڑہ یونیورسٹی میں چھاتی کے سرطان کی آگہی کے حوالے سے سیمینار

21

رینالہ خورد28اکتوبر(اےپی پی):وکاڑہ یونیورسٹی  کے شعبہ عمرانیات نے  خواتین اساتذہ اور طالبات میں چھاتی کے سرطان سے بچاو اور اس کے علاج کے متعلق آگہی پیدا کرنے کےلیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر سمیرۃالحسن نے  بریسٹ کینسر کی تشخیص اور اس سے بچاو کےلیے ایک صحت مند زندگی گزارنے کے حوالے سے ایک خصوصی لیکچر دیا۔

سیمینار کے دیگر مقررین میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ کی ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اقراء کنول اور اوکاڑہ کی معروف گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر بابرہ ڈوگر شامل تھیں۔

سیمینار کے انعقاد کے مقاصد بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیرا نے بتایا کہ اکتوبر کا مہینہ دنیا بھر میں چھاتی کے سرطان کی آگہی کے مہینے کے طور پہ منایا جاتا ہے۔ اس مناسبت سے ہم نے اس سیمینار کا اہتمام کیا ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں بہت ساری خواتین محض اس وجہ سے اس مہلک بیماری کا شکار ہوجاتی ہیں کہ ان کو اس کی بروقت تشخیص اور اس کے علاج کے متعلق مکمل آگہی نہیں ہوتی۔

ڈاکٹر اقراء اور ڈاکٹر بابرہ نے بریسٹ کینسر کے مختلف طبی اور معاشرتی پہلووں پہ بات کرتے ہوئے کہا کہ چھاتی کا سرطان ایک قابل علاج مرض ہے لیکن بیشر خواتین محض اس وجہ سے اپنی زندگی  گنوا دیتی ہیں کہ وہ اس مرض کی بروقت تشخیص نہیں کر پاتیں اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں بریسٹ کینسر کو خواتین کے جنسی مسائل کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔

اس سیمینار کے علاوہ یونیورسٹی کے شعبہ ٹوارزم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق احمد نے مارکیٹنگ کمیونیکیشن کے حوالے سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر شعیب سلیم نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے ایک تقریری مقابلے اور ریلی کا بھی اہتمام کیا۔