دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کاز کو دبا نہیں سکتی؛ چوہدری فواد حسین

7

اسلام آباد،27اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے زیادہ ملٹرائزڈ علاقہ ہے جہاں ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے،دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کاز کو دبا نہیں سکتی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر منعقدہ تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نمائش میں رکھی گئی تصاویر میں اس جبر، استبداد اور تشدد کی ایک جھلک دیکھی جا سکتی ہے جو کشمیری عوام پر ہندوستان کی فوج نے روا رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے کشمیر کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیں، ان کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، ہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے کشمیر پر تین جنگیں لڑی ہیں، ہمارے فوجی جوانوں نے کشمیر کے لئے شہادتیں دی ہیں، ہمارے قبرستان شہیدوں کے خون سے مہکتے ہیں، ہماری سیاست، معیشت اور خارجہ پالیسی کشمیر کے گرد گھومتی ہے۔