سکھر : ضلع بھر میں چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کی آگاہی کے لئے تقریبات منعقد،خواتین کو احتیاطی تدابیر، وجوہات کے متعلق بتایا گیا

34

سکھر،02نومبر (اے پی پی ):  ہیلپنگ وویمن جوائنٹ ہینڈز کی جانب سے چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کی آگاہی دینے کے لئے ضلع بھر میں تقریبات منعقد کرکے خواتین کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ تنظیم کی زیادہ تر توجہ دیہی علاقوں پر مرکوز ہے، جہاں خواتین کا شرح تعلیم کم ہونے کے باعث انہیں اس مرض سے آگاہی دینے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

 تنظیم کے زیر اہتمام آباد لاکھا، اروڑ، وسپور محلہ، آرائیں، لال مشائخ، تماچانی، ٹھیکراٹو ودیگر میں الگ الگ پروگرام منعقد کئے گئے، پروگراموں میں آگاہی دینے کے لئے ماہر لیڈی ڈاکٹرز نے خواتین کو احتیاطی تدابیر، کینسر کے امراض کی وجوہات کے متعلق بتایا۔

اس موقع پر تنظیم کے آرگنائزر ڈاکٹر انعم ارسلان غزالہ انجم،زینت بھنبھرو،فائزہ قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہوکر ہر سال پورے ملک میں سیکڑوں خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں، موذی مرض کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ تعلیم کا نہ ہونا ہے۔ تعلیم کے زیور سے آشنا نہ ہونے کے باعث خواتین کو اس موذی مرض کے متعلق کچھ علم نہیں، ہمارے ملک میں خواتین کی اکثریت اس مرض کے متعلق کچھ نہیں جانتی جوکہ ایک بڑا المیہ ہے۔ ہم نے اس سلسلے میں آگاہی فراہم کرنے کے مشن کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلے کو وسعت دیتے ہوئے پورے سندھ اور ملک بھر میں پھیلایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین استفادہ کرسکے۔

تقریب میں  دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔