حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے، بنیادی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی کے مشن پر گامزن ہے؛مخدوم ہاشم جواں بخت

26

رحیم یار خان،11 نومبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے  کہ حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور بنیادی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی کے مشن پر گامزن ہے۔ ہمارا مقصد عوام کو ترقیاتی کاموں کی صورت میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی  وزیر نے  جمعرات کو یہاں  اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب  کرتے  ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ضلع میں عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اربوں روپے فراہم کئے جا رہے ہیں،حکومت کو شہریوں کی مشکلات کا مکمل ادارک ہے۔

مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رواں برس تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پیکج دیا ہے،پنجاب میں 18ہزار پرائمری سکولز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ میں 1لاکھ ملازمتوں کی منظوری دی ہے جبکہ صوبہ میں 36ہزار اساتذہ رواں سال بھرتی کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بھرتیوں میں جنوبی پنجاب کے عوام کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔

مخدوم ہاشم جواں بخت  نے کہا کہ صوبائی حکومت شعبہ تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،انتظامی امور میں بہتری لانے کے لئے ڈپٹی کمشنر ز کو بااختیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ  نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز صوبائی محکموں کے افسران کی اے سی آرز پر دستخط اور20لاکھ روپے تک فنڈز استعمال کرنے کے مجاز ہوں گے۔آب پاک اتھارٹی کے تحت صوبہ بلخصوص ضلع رحیم یار خان میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے جبکہ ضلع رحیم یار خان کو 30ارب کا پیکج دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ پنجاب  نے  کہا کہ ضلع رحیم یار خان سے گڈ گورننس پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گڈ گورننس پراجیکٹ بارے ابتدائی بریفنگ دی گئی ہے۔گڈ گورننس پراجیکٹ سے شہریوں کے مسائل فوری حل ہوں گے۔ اس پراجیکٹ کے اہم ستون پبلک سروسز، ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن، کرائمز، نہری پانی کی فراہمی اور بلدیات ہیں۔

صوبائی وزیر  نے کہا کہ سٹیزن انگیجمنٹ ماڈل متعارف کروا رہے ہیں جس کے تحت یونیورسٹیز، کالجز کے طلباء اور شہریوں کو حکومتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے اختیارات دیئے جائیں گے۔ انجینئرنگ، آئی ٹی، میڈیکل شعبہ سے تعلق رکھنے والے طلباء ترقیاتی سکیموں کا دورہ کرکے اپنا فیڈ بیک دیں گے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ  پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے مزید وسائل فراہم کریں گے۔ کچہ کے ڈاکوؤں کے خاتمہ اور شہریوں کو سہولیات فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔شہر خاموشاں اسکیم اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اتھارٹی جلد رحیم یار خان کو دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ڈائیلاسز سنٹر خانپور کو مخیر حضرات نے تعمیر کیا اسے محکمہ صحت کی تحویل میں دیا جائے گا۔یو اے ای گورنمنٹ کی خصوصی گرانٹس سے رحیم یار خان میں کارڈک سنٹرز کی تعمیر کے لئے صوبائی وزیر صحت او رسیکرٹری صحت سے آئندہ ہفتے میٹنگ کی جائے گی۔

چاروں تحصیلوں کو شامل کرکے ضلع کا ایک ماسٹر پلان بنانے کے لئے ہدایات بھی  جاری کی گئی۔

اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر)ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف، ڈی پی او کیپٹن(ر)محمد علی ضیاء نے بھی بریفنگ دی۔ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھی اجلاس میں شریک تھے ۔