اسلام آباد،18نومبر (اے پی پی):وزیرریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ حالیہ قانون سازی سے پارلیمنٹ میں ہمارے سر فخر سے بلند ہوگئے ہیں،اللہ تعالیٰ نے ہمیں پارلیمنٹ میں کامیاب کیا،وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم جیتی ہے اور پاکستانی عوام جیتی ہے،اپوزیشن کے بلند وبانگ دعوے خاک میں مل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن کے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،ماضی میں کسی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا،یہ تاریخی کام بھی عمران خان کی حکومت نے کیا ہے،اس فیصلے سے90لاکھ پاکستانی مستفید ہوں گے،ای وی ایم کے استعمال سے جعلی ووٹ پول نہیں ہوسکیں گے اور اسی بات کی اپوزیشن کو تکلیف ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کا کردار قابل تعریف ہے جنہوں نے قانون سازی میں حکومت کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا،اس ضمن میں میڈیا کا کردار بھی قابل تعریف ہے،عمران خان نے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد سیاست کا ورلڈ کپ بھی جیتا ہے۔











