حکومت خواتین کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں ہنرمند بنانے پر بھی توجہ دے رہی ہے  ؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

40

اسلام آباد،19نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی  راہ  پر تیز رفتار  ی سے گامزن کرنے کے لئے تعلیم یافتہ خواتین کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خواتین کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں ہنرمند بنانے پر بھی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان کی مالی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

  صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ایوان صدر میں لینگ لینڈز سکول اینڈ کالج چترال کی پرنسپل کیری شوفیلڈ کی قیادت میں طالبات کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ خواتین کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔  انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے آسان شرائط و ضوابط پر کاروباری قرضے فراہم کر کے انہیں مالیاتی بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار قائم کر سکیں۔

 صدر مملکت نے تعلیم کے میدان میں لینگ لینڈز سکول اینڈ کالج کے کردار کو سراہا جس نے میڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں متعدد ماہرین تعلیم اور پروفیشنلز پیدا کیے ہیں۔  انہوں نے کالج کی انتظامیہ بالخصوص اس کی پرنسپل مس کیری شوفیلڈ کی کاوشوں اور خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے چترال کے لوگوں کو تعلیمی معیار بلند کرنے اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے تندہی سے کام کیا۔