نوشہرہ ورکاں،21 نومبر (اے پی پی ):ریسکیو 1122 نوشہرہ ورکاں نے اپنے محکمانہ سپورٹس گالا میں میدان مار لیا،عرفان موسیٰ کی قیادت میں ریسکیورز نے کھیلوں کے تمام مقابلہ جات میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 میاں رفعت ضیاء کی زیر سرپرستی سپورٹس گالا کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع بھر کے ریسکیو اسٹیشنز کی ٹیموں نے اپنے انچارجز کی قیادت میں حصہ لیا، اس ایونٹ میں مختلف کھیلوں جن میں کرکٹ،بیڈمنٹن،رسہ کشی،سکریبل،شطرنج اور دوڑ وغیرہ کے مقابلہ جات ہوئے۔
انچارج ریسکیو 1122 نوشہرہ ورکاں کی زیر قیادت اورنگزیب اشرف نے کرکٹ،میاں رمضان رضا نے سکریبل،عظمت علی نے شطرنج اور صبا حسن نے دوڑ کے مقابلہ جات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی، اسکے علاوہ خرم اور علی رضا نے بھی دوڑ میں نمایاں پوزیشنز حاصل کیں جبکہ دوسو میٹر کی ریس میں عرفان موسیٰ نے خود دوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تمام پلئیرز اور ٹیم کو ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیاء نے ٹرافیوں اور انعامات سے نوازا اور بھرپور حوصلہ افزائی کی ۔ ایمرجنسی آفیسر علی رضا،کنٹرول روم انچارج ثاقب منیر،ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر انجم شہزاد نے ریسکیو 1122 نوشہرہ ورکاں کے جوانوں کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ شاندار فتح سے واپس اسٹیشن پہنچنے پر عثمان گجر کی قیادت میں تمام ریسکیورز نے بھرپور اسقبال کیا، عرفان موسیٰ کا کہنا تھا کہ شاندار فتح ،صحت اور فٹنس سے ہی ممکن تھی جسے جوانوں نے پورا کیا۔