کامیابی کا راز بڑی سوچ رکھنا ہے اور کبھی ہار نا ماننا ہے ، وزیراعظم عمران خان  کا کامیاب جوان کنونشن  سے خطاب

72

اسلام آباد۔24نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے  بدھ کو یہاں کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی کا راز بڑی سوچ رکھنا ہے اور کبھی ہار نا ماننا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب ان کی عمر 9 سال تھی تو والدہ کے ساتھ کرکٹ میچ دیکھنے گئے تھے اور انہوں نے اس وقت ٹیسٹ کرکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن انہیں کہا گیا کہ ٹیسٹ کرکٹر بننا بہت مشکل ہے لیکن بعد میں دنیائے کرکٹ میں درجہ بدرجہ کامیابی کی منازل طے کیں، ہسپتال بنانے لگا تو لوگوں نے کہا کہ ہسپتال نہیں بن سکے گا، کینسر ہسپتال میں مریضوں کا مفت علاج بھی ناممکن ہے لیکن میں نے محنت اور عزم صمیم سے ناممکن کو ممکن کردکھایا، اپنی غلطیوں سے سیکھ کر کامیابیاں حاصل کیں، اﷲ نے کامیابی دی، کوئی بھی انسان آج تک محنت کے بغیر کامیاب نہیں ہوا، دنیا میں بڑے کام کرنے کا کوئی شارٹ کٹ نہیں،طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ جتنی بڑی  سوچ ہوگی اتنے بڑے انسان بنیں گے، نوجوان جتنا چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اتنے ہی کامیاب انسان بنیں گے۔