اسلام آباد،26نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان خواتین کو تعلیم یافتہ اور خودمختار بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور عورتوں کو صحت کی بہترین سہولیات، انہیں قرضہ اور تعلیم کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں بہبود آبادی اور فیملی پلاننگ کے بارے میں بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ قدرت نے عورت کو تعلیم اور صحت کے حوالے سے ایک ذمہ داری دی ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کو روکنے کے لئے مانع حمل ادویات کی فراہمی کی ضرورت ہے، عورت اور خاندان کے مکمل صحت کی بات کی جانی چاہئے جس میں ویکسینیشن اور فیملی پلاننگ بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس حساس موضوع پر اب بات کی جارہی ہے اس میں ہمارے علماء کا بھی پورا کردار ہے، بچے کو ماں کا دودھ پلانے کے بارے میں قرآنی آیات کا پرچار کیا جائے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان نے60 اور 70کی دہائی میں فیملی پلاننگ کے حوالے سے بہترین کام کیا، ہمیں مستقبل کے بارے میں اپنے اہداف کو متعین کر کے وسائل کو موبلائز کرنا ہو گا۔