میڈیا خواتین کے حقوق و صحت سے متعلق  کے مسائل اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

32

اسلام آباد،26نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میڈیا خواتین کے حقوق و صحت سے متعلق  کے مسائل اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں بہبود آبادی اور فیملی پلاننگ کے بارے میں بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔   صدر ڈاکٹر عارف علوی نے   پاکستان میں آبادی میں اضافے کو روکنے  اور بہبود آبادی کے لئے برطانیہ ، امریکہ ، کینیڈا، آسٹریلیا، یورپی یونین اور امدادی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آبادی میں اضافے کو روکنے کے لئے بین الاقوامی پارٹنرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی منصوبوں اور کوششوں کا بنیادی مقصد عورتوں اور بچوں  کی صحت سے تعلق رکھتی ہے، ہر خاندان کو یہ بتانا ضروری ہے کہ  بہبود آبادی کے لئے خاندانی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ ایک پورا خاندان صحت مند خاندان کے طور پر ہو، علماء کرام بہبود آبادی کو اپنے خطبات جمعہ میں شامل کریں ، لوگوں کو اشتہارات پرزیادہ  بھروسہ نہیں ہوتا ، ذرائع ابلاغ  نے چھاتی کے سرطان اور دیگر بیماریوں کے متعلق عوامی آگاہی پیدا کرنے میں زبردست کردار ادا کیا، میڈیا  صبح کے پروگراموں میں تولیدی صحت اور بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے کو اجاگر کرے ۔