لاہور، 27نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کا کہناہے کہ کیلبری فونٹ یافتہ مریم نواز اور نواز شریف کی سیاسی جماعت اداروں کو دباؤ میں لانے کیلئے جعلی آڈیوز ویڈیوز بنانے کی ماہر ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں مولانا ظفر علی خاں کی 65ویں برسی کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ کی طرف سے عدلیہ اور فوج کیخلاف دباؤ میں لانے کیلئے منظم مہم چلائی گئی جس میں صحافیوں،اینکرز اور پرائیوٹ ٹویٹرز کو استعمال کیا گیا تاکہ ان کی مقدمات سے جان چھوٹے لیکن کیلبری فونٹ یافتہ مریم نواز اور نواز شریف کیلئے مقدمات سے جان چھڑوانے کا صرف ایک حل ہے کہ جو انہوں نے جائیدادیں بنائیں ان کی رسیدیں دیں ،آئیں بائیں شائیں کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو چاہئے کہ جسٹس(ر) ثاقب نثار کی جعلی آڈیو سے اگر ان کا کیس مضبوط ہوسکتا ہے تو وہ اسے عدالت میں پیش کریں۔