ملتان، 27 نومبر (اے پی پی ): وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصر مجید خان نے ملتان چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا ۔انہوں نے صدر ملتان چیمبر آف کامرس سے خواجہ محمد حسین سے ملاقات کی۔
وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصر مجید خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تین سال کے دوران لیبر ڈیپارٹمنٹ میں بہت سے سنگ میل عبور کئے ہیں۔لیبر ڈیپارٹمنٹ کے سسٹم کو شفاف بنانے کے لئے اسے کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ورکر ویلفئیر فنڈز کے بل کی منظوری پنجاب حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔اس کے علاوہ گھریلو ملازمین کے حقوق کے لئے ڈومیسٹک ورکرز بل پاس کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 15200 صنعتی ادارے سیلف اسسمنٹ پر آ چکے ہیں جو کہ حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے۔
وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے کہا کہ صنعتی کارکنوں کو لیبر کالونیوں کے مالکانہ حقوق دئے جانے کا جلد اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی مٹی کے ساتھ ان کا گہرا رشتہ ہے،جنوبی پنجاب کے مزدوروں کو تمام حقوق دئے جائیں گے۔
سیکرٹری لیبر پنجاب لیاقت چٹھہ نے اس موقع پر بتایا کہ سوشل سیکیورٹی رجسٹریشن کے لئے صنعتی ادارے میں کارکنوں کی تعداد کی شرط پانچ سے بڑھا کر دس کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ کسی بھی صنعتی ادارے کی پانچ سال میں صرف ایک بار انسپکشن ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ صنعتی مزدوروں کوزیر التواء 16 ارب روپے کی ویلفئیر گرانٹ جاری کرنے پر کام تیز کردیا گیا ہے۔
صدر ملتان چیمبر آف کامرس خواجہ محمد حسین نے اس موقع پر کہا کہ سوشل سیکیورٹی ہسپتال کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے،انڈسٹریل سنٹرز میں ڈسپنسریاں قائم کی جائیں اور ورکرز ویلفئر سکولز میں داخلہ پالیسی کو نرم کیا جائے۔
اجلاس میں صدر ڈی جی خان چیمبر آف کامرس خواجہ جلال الدین رومی نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں عکاج معالجہ کی سہولیات مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز دیں۔
بعد ازاں وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے ورکرز ویلفئیر سکول میں صنعتی کارکنوں کو ویلفئیر گرانٹ کے چیک دئے جانے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیکرٹری لیبر پنجاب لیاقت چٹھہ،ڈائریکٹر لیبر رانا جمشید،صدر پی ٹی آئی خالد جاوید وڑائچ بھی تقریب میں موجود تھے۔،پی ٹی آئی لیبر ونگ کے عہدیداران اور لیبر لیڈرز کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں73 صنعتی کارکنوں اور بیوگان میں2 کروڑ40 لاکھ روپےمالیت کے چیک تقسیم کئے گئے۔25 چیک میرج گرانٹ،42 ڈیتھ گرانٹ اور6 چیک ٹیلنٹ شکالر شپ کی مد میں تقسیم کئے گئے۔
وزیر محنت و انسانی وسائل انصر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے محکمہ لیبر میں گزشتہ تین برس میں جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی،ماضی کی حکومت کی طرف سے لیبر ورکرز ویلفئیر فنڈز میں کرپشن کی وجہ سے ویلفئیر گرانٹ کے اجراء میں تاخیر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے شفافیت کے پیش نظر پورا نظام آن لائن کردیا ہے اور اب ویلفئیر گرانٹ کے زیر التواء22 ہزار کیسوں پر دن رات کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ31 دسمبرتک تمام آن لائن درخواستوں پر گرانٹ جاری کردی جائے گی۔
انصر مجید خان نے کہا کہ ورکرز ویلفئر سکول کے بچوں کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا جائے گا اور صنعتی کارکنوں کے بچوں کو کتابیں اور یونیفارم کی فراہمی جاری رہے گی۔انہوں نے ورکرز ویلفئیر سکول کا بھی دور کیا اور سکول میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔