خیبر کالج آف ڈینٹسٹری اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مابین تحقیقی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

61

 پشاور، 6دسمبر(اے پی پی): خیبر میڈیکل یونیورسٹی، پشاور کے سیل آف ریسرچ، انوویشن  اینڈ کمرشلائزیشن اور خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے درمیان آج یہاں تحقیقی تعاون کے لیے ایک مفاہمتی  یاداشت پر دستخط ہوئے۔

یہ تقریب خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پشاور میں منعقد ہوئی جسمیں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ضیاء الحق، ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر سید ناصر شاہ، ایسوسی ایٹ ڈین ریسرچ خیبر کالج آف ڈینٹسٹری، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر بشیر رحمان اور ڈائریکٹر ORIC-KMU ڈاکٹر ذہیب خان نے مفاہمتی یادداشت کی دستاویزات پر دستخط کیے، جسکے بعد وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے KCD میں ORIC سب آفس کا افتتاح بھی کیا۔

 اس موقع پر ایسوسی ایٹ ڈین ریسرچ ڈاکٹر بشیر رحمان نے R&D سیل KCD کے کردار اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی جبکہ ڈین پروفیسر ناصر شاہ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے ادارے میں ریسرچ کلچر کو تقویت ملے گی اور طلباء اور فیکلٹی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اظہار خیال کرنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔

 وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ڈین کے سی ڈی، ایسوسی ایٹ ڈین اور آر اینڈ ڈی سیل کے ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے ایم یو خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کی تحقیق اور ترقی کے شعبے میں مدد کرے گا اور KCD جرنل کو تکنیکی اور مالی معاونت بھی فراہم کرے گا۔