راولپنڈی۔7دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نے منگل کو ملٹری کالج آف سگنلز میں 28 ویں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ سائبر سکیورٹی اور سگنلز کی دنیا میں ڈیجی سکلڈ افراد کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ انہوں نے بارہا ٹیکنالوجی کے وسائل سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے کیونکہ مستقبل میں وہی قوم طاقت ور ہو گی جو دنیامیں بہترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرےگی۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبہ سمیت تمام اداروں کے لئے سائبر سکیورٹی اہم ہے۔ تمام اداروں میں سائبر سکیورٹی ماہرین کی ضرورت ہے۔ ہمیں ماہرت کےساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے ماہر تعلیم یافتہ افراد کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کےلئے لاکھوں لو گوں کو تربیت فراہم کرنا ضروری ہے۔ فاصلاتی تعلیم سمیت مختلف طریقوں سے یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈیجیٹل سکلز کاآغازکیاجس میں 20 لوگوں نے داخلہ لیا اور 16 لاکھ پہلا مرحلہ عبور کرچکے ہیں۔ اس تناظر میں سب کے لئے پرائمری تعلیم اور یکساں نظام تعلیم ضروری ہے تاکہ قومی سطح پر ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق بچوں کو اوائل عمری میں تربیت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا پروٹیکشن جدید دور کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے قانون سازی بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کےدوران ہنگامی صورتحال میں مختلف اداروں نے ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹا شیئرکیا جس سے بہترین فیصلہ سازی میں مددملی۔ نادارا اتھارٹی کے نئے قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت نادرا ضرورت پڑنے پر ڈیٹاحاصل کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیامیں جتنا ڈیٹا ہے اتنی اہلیت نہیں ہے۔ پاکستان کے پانچ فیصد ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ تیل قیمتی ہے لیکن ڈیٹا اس سے زیادہ قیمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرروزانہ سائبر حملے ہوتے ہیں۔ ان حملوں کا کسی چھوٹے بڑے ملک سے تعلق نہیں ہوتا بلکہ یہ ٹیکنالوجی کے ذریعے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کے لئے اچھی سوچ رکھنے والے سمارٹ اور قابل لوگوں کی ضرورت ہے۔