بہاولنگر ،10 دسمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کپٹین ( ر) محمد وسیم نے کہا ہے کہ پولیوکا خاتمہ ہمارا عزم ہے ، والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو جسمانی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین پلوائیں اور 13 دسمبر سے 17دسمبرکے دوران پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پولیو مہم کے سلسلہ میں انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 13دسمبر سے 15 دسمبر کے دوران پولیو مہم کے موقع پر پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر پولیو سے چاؤ کے قطرے پلائیں گی جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی 16دسمبر سے 17دسمبر تک کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 5 لاکھ 16 ہزار سے زائد بچوں کو حفاظتی ویکسین دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2035ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی اور ان میں 126فکسڈ ، اور1828موبائل اور 81ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ٹیموں کوفیس ماسک، سینی ٹائزرز مہیا کیے جائیں گے اور اس مہم کے دوران لوگوں کو کورونا ویکسینیشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اور متعلقہ محکموں کے آفیسرز نے شرکت کی۔