اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنشن کی شفاف تقسیم کے لئے پنشنرز کی بائیو میٹرک تصدیق کے نظام کا افتتاح کیا ہے جس سے 14 لاکھ پنشنرز میں ہر ماہ 60 ارب روپے کی رقم شفاف طریقے سے تقسیم کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ جمعہ کو اے جی پی آر میں پنشنرز کے لئے ڈیجیٹل سہولت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بینکوں کو تاکید کی ہے کہ فراڈ کالز پر صارفین کی تربیت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹیل بینکنگ صارفین کو کم سے کم انسانی مداخلت کے ساتھ شفاف اور مناسب مالی ٹرانزیکشنز کی سہولت فراہم کرتی ہے تاہم انہوں نے مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ عوام کو مسلسل آگاہی کے ذریعے مالیاتی دھوکہ دہی کے خلاف مضبوط تحفظ فراہم کرے۔