اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعہ کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام دو روزہ اسلام آباد کانکلیو 2021 کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت تاریخ سے سبق حاصل کرنے میں کامیاب کیوں نہیں ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں پر محیط جنگ کے بعد یورپ نے تنازعات کے خاتمے پر اتفاق کیا لیکن اس کے برعکس دیگر خطوں میں یہ سلسلہ جاری رہا جس کی مثال عراق اور افغانستان کی جنگیں ہیں۔ دنیا کی اقوام کے درمیان ہتھیاروں کی مسلسل دوڑ کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس کے بجائے دنیا کو غربت میں کمی کے لیے اپنے عزم کو ظاہر کرنے کی ضرورت ہے جس پر بدقسمتی سے توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔