سانحہ سیالکوٹ کے فوری بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے ضلعی پولیس کی کوششیں قابل تعریف ہیں ؛عثمان ڈار

27

 سیالکوٹ،11دسمبر  (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے اُمور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ  سانحہ سیالکوٹ کے فوری بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے ضلعی پولیس کی کوششیں قابل تعریف ہیں ،سانحہ سیالکوٹ دراصل  شہر کا معاشی قتل کی کوشش ہے، اس واقعہ نے سیالکوٹ کا پُرامن چہرہ مسخ کیا،آنجہانی پرنتھا کمارا کی سیالکوٹ کی انڈسٹری کی ترقی کیلئے ناقابل فراموش خدمات ہیں، جنکے   اعتراف کیلئے  سیالکوٹ میں عظیم الشان پاکستان سری لنکا دوستی اور پرنتھا کمہار کی خدمات کےاعتراف کے لئے  عظیم الشان واک کا انعقاد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن سیالکوٹ کے کانفرنس روم میں ڈسٹرکٹ کوآڑڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس میں لاء اینڈ آرڈر کے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن سیالکوٹ چودھری محمد اخلاق،رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن ، چودھری غلام عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالرؤف،ایس پی انوسٹی گیشن نعیم اکمل،  قیصر اقبال بریار،سعید احمد بھلی،محسن عتیق شیخ، مرزا دلاور بیگ، عظیم نوری گھمن، میاں ریاض، خاور انور خواجہ اورمسعود اختر خواجہ کے علاوہ ایس ڈی او پی اوز اور مختلف سرکاری محمکوں کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کے ذمہ داروں کو سزا دلانے کیلئے حکومت پنجاب زیرہ ٹالرننس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔پولیس کے ساتھ ساتھ 1122 نے بھی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بخوبی احسن انجام دیں۔مقامی قیادت ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈی پی او سیالکوٹ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے  کوششوں  کو سراہا،پولیس نے خبر کے درمیان گیپ نہیں رکھا،اس سلسلہ میں میڈیا کا کردار بھی ذمہ دارانہ ہے اور قابل تعریف رہا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈلیا جانا ضروری ہے بالخصوص ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ کو اس کیس پرہونے والی پیش رفت اور حقائق باخبر رکھا جائے اور دنیا کو یہ پیغام دیا جائے کہ سانحہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ڈی پی او سیالکوٹ عمر سعید ملک  بریفینگ دیتے ہوئے بتایا سانحہ سیالکوٹ میں مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا اور انوسٹی گیشن کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے ہماری کوشش ہے کہ3جنوری تک چالان جمع کروادیں۔

 قبل ازیں آنجہانی پرنتھاکمہار کے خاندان اور سری لنکا کے ساتھ اظہار تعزیت اور یکجہتی کیلئے ڈسٹرکٹ    پولیس، انتظامیہ اور ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ کے اشتراک سے ریلی کا انعقادکیا گیا جس  میں افسران،صنعتکاروں اور سول سوسائٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔