وفاقی سیکرٹری ایجوکیشن کی زیر صدارت بین الصوبائی سیکرٹری ایجوکیشن کانفرنس ، موسم سرما کی تعطیلات بارے تمام صوبوں سے سفارشات لی گئیں

48

اسلام آباد۔14دسمبر  (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری ایجوکیشن ناہید ایس درانی کی زیر صدارت بین الصوبائی سیکرٹری ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد ہوا، سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کے بارے میں تمام صوبوں سے سفارشات لے لی گئیں،  حتمی اتفاق رائے کے لئے فیصلہ (آج)بدھ کو این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ منگل کو  ہونے والی کانفرنس میں موسم سرما کی آمد، کوویڈ ویری اینٹ خدشات کے پیش نظر 12 سے 18 سال کے بچوں کی ویکسینیشن بھرپور طریقے سے یقینی بنانے کے لئے تمام وفاقی اکائیوں کا متفقہ تعطیلات کرنے سے متعلق تمام صوبوں اور اکائیوں سے سفارشات لے لی گئیں تاہم حتمی فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔بین الصوبائی سیکرٹریز ایجوکیشن کانفرنس میں طے پایا کہ تمام وفاقی اکائیوں کے تعلیمی اداروں میں وفاقی کابینہ کا اپرووڈ پولیٹیکل میپ ہی  کتابوں میں شائع کیا جائے گا۔ کیبنٹ اپرووڈ میپ تمام وفاقی اکائیوں کو مہیا کر دیا گیا۔ قبل ازیں مختلف صوبوں میں مختلف پاکستانی میپ شائع کیا جاتا تھا۔ چیئرپرسن  بین الصوبائی سیکرٹریز ایجوکیشن کانفرنس  ناہید ایس درانی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف تمام صوبائی ٹیکسٹ بک بورڈز اس میپ کی اشاعت کو یقینی بنائیں بلکہ آئندہ امتحانات میں اس سے متعلق سوالات بھی امتحانات میں شامل کئے جائیں۔