اوکاڑہ،15دسمبر (اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل حسنین خالد سنپال نے کہا ہے کہ ڈینگی کی مکمل روک تھام، اداروں کی محنت اور عوامی تعاون سے ہی ممکن ہے، ہمیں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے محکمہ صحت کی ٹیمیں ہاٹس سپاٹس کی نگرانی کے ساتھ ساتھ لوگوں کی آگاہی کے لئے جو اقدامات کر رہی ہیں اس کے مثبت نتائج عوامی تعاون سے ہی سامنے آ سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید ،ڈسٹر کٹ انٹامالو جسٹ محمد اقبال سمیت متعلقہ افسران نے شر کت کی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹر کٹ انٹا مالو جسٹ محمد اقبال نے ضلع میں ہاٹس سپاٹس کی نگرانی اور ویکٹر سر ویلینس سے متعلق بتایا۔ انہوں نے عوامی سے اپیل کی کہ کاٹھ کباڑ ،فالتو سامان اور ناکارہ ٹائر تلف کر دیں سو تے وقت مچھر دانی کوائل یا میٹ کا استعمال کیا جائے، پوری آستین والا لباس اور جرابیں پہنیں، دن کے وقت بھی کمروں میں کوائل لگائیں اور جسم کے کھلے حصوں پر مچھر بھگاؤلوشن لگائیں ۔











