وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پلیتھا مہیاپالا کی ملاقات

32

گلگت،18دسمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پلیتھا مہیاپالا نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے صحت کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت  بلتستان کے مختلف اضلاع میں سٹنٹنگ کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے جس کے تدارک کیلئے  ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا خصوی تعاون درکار ہے۔ گلگت  بلتستان میں سٹامک کینسر کی شرع میں بڑی حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، بڑی تعداد میں نوجوان کینسر جیسی مہلک بیماری میں مبتلا ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز کے محرکات کوتلاش کرنے کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق ماہرین کے تعاون سے محکمہ صحت تحقیق کرے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا ان غیر متعدی امراض کے اسباب کی تحقیق میں خصوصی تعاون درکار ہے۔

 وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے سے ان کے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے  ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن گلگت اور سکردو میں اوپن جم کے قیام کیلئے تعاون کرے۔ گلگت  بلتستان میں ڈاکٹروں اور جنرل نرسز کی کمی کو مستقل بنیادوں پر دور کرنے کیلئے میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، جس کیلئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ماہرین حکومت گلگت  بلتستان کیساتھ تعاون کریں تاکہ میڈیکل کالجز کے معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔

 وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے  ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے صوبائی حکومت کو ایمبولنسز، ضروری ادویات، محکمہ صحت کیلئے آئی ٹی کے سامان اور دیگر اشیاء کی فراہمی پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے کا شکریہ ادا کیا۔

 ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پلیتھا مہیاپالا  نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت  بلتستان کی جانب سے دور دراز اور انتہائی دشوار علاقوں میں کامیاب ویکسی نیشن کمپیئن  کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے جس کو ہر فورم میں سراہا گیا ہے۔ بھوٹان میں بھی غیر متعدی امراض خصوصاً سٹامک کینسر کی شرع بڑھ رہی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ان امراض کے اسباب کو جاننے کیلئے حکومت گلگت  بلتستان کیساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کیلئے مثبت سرگرمیاں انتہائی اہم ہیں، جس کیلئے گلگت اور سکردو میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے اوپن جم کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ گلگت  بلتستان میں میڈیکل اور نرسنگ کالجز کے قیام اور معیار کو بہتر بنانے کیلئے  ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن خصوصی تعاون کرے گا۔

سورس: وی این ایس، گلگت