سکھر،22دسمبر(اے پی پی )؛کورونا ویکسی نیشن کے سلسلے میں جائزہ اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں ڈپٹی کمشنر جاوید احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر میں داخلی اور خارجی راستوں پر آنے والوں کے کورونا ویکسین کارڈ چیک کرنے کے لیے رینجرز کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی سی نے تمام افسران کو مؤثر حکمت عملی پر عمل درآمد کے لیے دو دن کا الٹی میٹم دے دیا، اجلاس میں این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں ہدف سو فیصد حاصل کرنے کے لیے منصوبہ بندی کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے رینجرز افسران کو ہدایت کی کہ وہ اے سی سٹی سے مشاورت کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر شہر میں داخل ہونے والوں کا ویکسین کارڈ چیک کرنے کی منصوبہ بندی کریں تاکہ موقع پر ہی موجود ویکسین ٹیم کے ذریعے ویکسی نیشن کی جائے جہاں پولیس افسران اور اہلکار بھی موجود ہونگے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کوپابند کیا کہ متعلقہ تعلقوں میں اسپتالوں، صحت مراکز میں ویکسین کے عمل میں کو مزید تیز کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کریں گے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس کے مین گیٹ پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جہاں ہرآنے والے کا کورونا ویکسین کارڈ چیک کرنے کے بعد اندر جانے کی اجازت دینے کا عملی مظاہرہ شروع ہوچکا ہے۔
اجلاس میں اے ڈی سی ون محمد عدنان راشد، ڈی ایچ او ڈاکٹر جمیل احمد مہر سمیت صحت، پولیس، ریلوے، این جی اوز، تعلیم، یونیسیف، ڈبلیو ایچ او، روینیو اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











