جلالپورپیروالا؛ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کیلئے  2ایمبولینسز موٹر وے پولیس حکام کے حوالے

36

 جلالپورپیروالا،24دسمبر(اے پی پی): موٹروے ایم فائیو سیکٹر جلالپورپیروالا کے زیر اہتمام اوچ سروس ایریا پر گو پٹرولیم کمپنی کی طرف سے موٹر وے پر حادثات کی بروقت ریسکیو کےلیے دو جدید ایمبولینس موٹوے پولیس کو دی گئیں۔

 اس موقع پر ایک تقریب کے دوران گو پٹرولیم کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر فاروق نے ایمبولینسز کی چابیاں سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس رانا محمد سرفراز کے حوالے کیں۔

 میڈیا بریفنگ کے دوران سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس رانا محمد سرفراز نے کہاکہ گو پٹرولیم کمپنی کا اس احسن اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہیں، ان کے اس اقدام سے دوران حادثات  بروقت ریسکیو مہم کرکے قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔

 گو پٹرولیم کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر فاروق کا کہنا تھا کہ انشااللہ گو پٹرولیم کمپنی موٹروے ایم فائیو پر عوامی جان کے تحفظ کےلیے اس طرح کے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔

 تقریب میں بیٹ کمانڈر فیصل فراز ،بیٹ کمانڈر ضرغام علی ،رانا معروف و دیگر بھی موجود تھے جبکہ موٹروے پولیس کے آفیسران ،اہلکار و سول سوسائٹی کے افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

سورس: وی این ایس، جلالپور پیروالا