حیدرآباد، 25 دسمبر (اے پی پی): نوجوان طلبہ و طالبات کے جسموں میں زہر شامل کرنے والوں کے خلاف میرپورخاص میں کارروائی کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے کے تحت کسٹم کلکٹر حیدرآباد کی ٹیم نے میرپورخاص میں چھاپہ مارکر 24 کلو چرس، 255 گرام آئس اور بھاری مقدار میں چھالیہ تحویل میں لے لیا تاہم دوران کارروائی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
کسٹم کلیکٹوریٹ حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کسٹم کلکٹر حیدرآباد صادق اللہ خان کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع پر میرپورخاص کے علاقے سیٹلائٹ ٹان میں کارروائی کی گئی، دوران کارروائی ایک مکان پر چھاپہ مار کر وہاں سے 24 کلو چرس، 255 گرام آئس اور بھاری مقدار میں چھالیہ برآمد کی گئی۔
کسٹم کلکٹر حیدرآباد نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے تعلیمی اداروں میں بھی آئس نشے کی فروخت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، کسٹم کلکٹر حیدرآباد اس سلسلے میں تحقیقات کر رہا ہے جلد ہی حیدرآباد میں بھی آئس نشہ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئس نشہ بہت کم مقدار میں آسانی سے فروخت ہو جاتا ہے اس لئے ملزمان کی نشاندہی میں کچھ وقت لگ رہا ہے، بہت جلد آئس نشہ فروخت کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے کارروائیاں کی جائیں گی۔
سورس: وی این ایس، حیدرآباد











