یوم ولادتِ قائد منانے کا مقصد آنے ولی نسلوں کو پیغام  دینا ہے کہ  ہم  بانی پاکستان کو یاد رکھیں اور انکے اصولوں پر عمل پیرا ہوں؛سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد

50

اسلام آباد،25دسمبر(اے پی پی):سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ قوموں کی تاریخ میں کچھ دن ایسے ہوتے ہیں ، جنہیں ہر سال زیادہ سے زیادہ جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے، ملک پاکستان میں بانی پاکستان قائد اعظم کی ولادت کا دن ہمیں بھرپور خوشی کیساتھ منانا چاہیے، جو ہماری آنے ولی نسلوں کو پیغام بھی ہے کہ  ہم اپنے قائد کو یاد رکھیں، انکی قربانیوں کو اور انکے اصولوں کو یاد رکھیں اور ان پر عمل پیرا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کےذیلی اداروں کے زیر اہتمام ہفتہ کو قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ لائٹ شو کے موقع پر قومی خبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو میں کیا۔

 تقریب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سمیت  وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں قائداعظم کے پیغامات خصوصی طور پر آویزاں کئے گئے، پارلیمنٹ ہائوس اور دیگر عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔لائٹ شو میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ  بھی کیا گیا۔

سورس: وی این ایس،اسلام آباد