گزشتہ دور میں میٹرو اور اورنج لائن جیسے منصوبوں پر سالانہ 16.5 ارب اخراجات آئے جبکہ آمدن 1.76 ارب روپے ہے؛ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار

38

لاہور، 27 دسمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے  کہ گزشتہ دور میں میٹرو اور اورنج لائن جیسے منصوبوں پر سالانہ 16.5 ارب اخراجات آئے جبکہ آمدن 1.76 ارب روپے ہے۔

ان  خیالات کا  اظہار  انہوں   نے  عبدالستار ایدھی انڈر پاس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  کہا  کہ سابق حکومت کے چھوڑے دیگر منصوبوں کی طرح اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کو بھی ہم نے فنڈنگ کر کے مکمل کیا،  سابق حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کا سوچے بغیرمنصوبے بنائے جن پر اربوں روپے کی سبسڈی دینا پڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  پبلک ٹرانسپورٹ کی سکیموں کو مکمل سٹڈی کرنے کے بعدبنانا چاہیے تھا،اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹروبس سسٹم اور فیڈرروٹ سسٹم کے 6 منصوبوں پرتقریباًاربوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، ان منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدن نہایت کم ہے۔