سیالکوٹ،28 دسمبر(اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے منگل کو سیالکوٹ کا دورہ کیا اورضلع کچہری میں ساڑھے8کروڑ روپے کی لاگت سے 8 ایڈیشنل سول و فیملی کورٹس کمپلیکس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقع پر انسپکشن جج ڈسٹرکٹ سیالکوٹ جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس مسعود عابد نقوی، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس انوارالحق پنوں، رجسٹرار عرفان احمد سعید، ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری مسعود ارشد،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ جزیلہ اسلم، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق، ڈی پی او ملک عمر سعید، ممبران پنجاب بار کونسل شمشاد احمد باجوہ، عامر کامران چیمہ، صدر ڈسٹرکٹ بار کونسل سیالکوٹ خالد حسین قریشی، سیکرٹری سید ارتضٰی بخاری ، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ محمد مرتضیٰ اور سی او ایم سی ایس زبیر وٹو، ایس ڈی او بلڈنگ اعجاز احمد چودھری، سمیت معزز ججز اور وکلاءنے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سیالکوٹ آمدپران کا والہانہ استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق اور ایکسین بلڈنگ سیالکوٹ ظہیرالدین بابر نے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بریفنگ دی۔
چیف جسٹس عدالت عالیہ لاہور معزز جسٹس صاحبان کے ہمراہ ایڈیشنل کورٹس کے سبزہ زار میں پودے لگائے اور انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے کمیٹی روم میں جوڈیشری کے مقامی حکام سے خطاب کیا۔
ڈی پی او عمر سعید ملک نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کو سانحہ راجکو فیکٹری اور اب تک سانحہ کی تحقیقات بارے ہونے والی پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے ڈی پی او سیالکوٹ کو سانحہ سیالکوٹ میں ملوث ملزمان کا چالان جلد از جلد جمع کروانے کی ہدایت کی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جزیلہ اسلم نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی اور دیگر جسٹس صاحبان کو ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی جانب سے سووینئر پیش کئے ۔بعد ازاں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے پسرور میں جوڈیشنل کمپلیکس پسرور کی تعمیر کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔











