معاشرے کے پسماندہ طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں؛ وزیر اعظم عمران خان کی پناہ گاہ لاہور کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

41

لاہور ،31دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم معاشرے کے پسماندہ طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، ریاست مدینہ کا ماڈل معاشرے کے پسے ہوئے اور کمزور طبقات کا خیال رکھنے پر بہت زیادہ زور دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے لاہور جنرل ہسپتال کے سامنے فیروز پور روڈ پر پناہ گاہ لاہور کا افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پناہ گاہ کے مکینوں کے محفوظ اور آرام دہ قیام کو یقینی بنایا کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

 قبل ازیں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پناہ گاہ لاہور میں 80 مردوں اور 20 خواتین کے رہنے کی گنجائش موجود ہے اور یہ پناہ گاہ تمام جدید شہری سہولیات سے آراستہ ہے۔ ان سہولیات میں استقبالیہ، انتظار گاہ، نگرانی کا نظام، بہترین کچن، مردوں اور عورتوں کے لیے کھانے کی جگہ، فلٹر شدہ پانی، نماز ادا کرنے کے لیے مختص جگہ، صفائی، لانڈری اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی شامل ہیں۔ احساس سنٹر، شٹل سروس،معذورافراد  کے لیے سہولیات اور خواتین کے لیے علیحدہ منزل پناہ گاہ لاہور کی اہم خصوصیات ہیں۔