سکھر، 01 جنوری(اے پی پی): جیکب آباد کے قریب سکھر ایکسائیز پولیس نے بلوچستان سے کراچی جانے والے ایک ٹرک کو روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں سے اعلی کوالٹی کی لاکھوں روپے مالیت کی ایک سو بیس کلو چرس برآمد کرلی۔
کارروائی کے دوران دوملزمان محمد پنھل اور محمد یعقوب کو گرفتارکر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ملزمان کا تعلق ضلع خیرپور سے بتایا جاتاہے ۔
سندھ کے وزیر ایکسائیز مکیش کمار چاولہ نے کامیاب کارروائی پر ایکسائیز کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے کیونکہ یہ معاشرے کے ناسور ہیں جو کسی رعایت کے قابل نہیں۔
سورس : وی این ایس ، سکھر











