انٹرنیشنل باکسر عثمان وزیر کامیاب جوان سپورٹس ڈارئیو پروگرام کے ایمبیسیڈر بن گئے

78

اسلام آباد، 05 جنوری (اے پی پی ): انٹرنیشنل باکسر عثمان وزیر کو کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو پروگرام کا ایمبیسیڈر نامزد کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے بدھ کو یہاں عثمان وزیر نے ملاقات کی، جس دوران عثمان ڈار نے ایشین ٹائٹل کے بعد اب ورلڈ باکسنگ کونسل مڈل ایسٹ ٹائٹل جیتنے پر انہیں مبارکباد دی۔

ملاقات  کے دوران گفتگو کرتے  ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عثمان وزیر کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو پروگرام میں ہمارے باکسنگ ایمبیسیڈر ہونگے،حکومت اور عوام عثمان وزیر جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی پشت پر کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو پروگرام ہر باصلاحیت کھلاڑی کی معاونت کرے گا تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکے۔

عثمان ڈار  نے کہا کہ عثمان وزیر  جیسے نوجوان پاکستان کا فخر ہیں، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو پروگرام میں ہمیں عثمان وزیر جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش ہے،عثمان وزیر کا اگلا ٹارگٹ یوتھ ورلڈ ٹائٹل ہے جس کے لئے انکی مکمل معاونت کریں گے۔